Time 10 مارچ ، 2020
پاکستان

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے کیسز دگنے ہوگئے، ڈاکٹر ظفر مرزا

ایمرجنسی کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے انتظامات کیے جا رہےہیں،ظفر مرزا۔فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے کیسز دگنے  ہوگئے لیکن اس میں حیرانی کی بات نہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر  ظفر مرزا نے کہا کہ یہ صورتحال حیران کن نہیں، کورونا دنیا کے 106 ممالک تک پھیل چکا ہے اور پاکستان میں تمام کیسز بیرون ملک سے آئے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک پاکستان میں کورونا کے پھیلنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور اگر ہم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تو اس کا پھیلاؤ روکنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔


قبل ازیں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں،ملک کی8 بڑی لیبارٹریز پر کورونا کی تشخیص کا نظام موجود ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی تمام تر تفصیلات متعلقہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ شیئر کی جاتی ہیں۔

 ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک کی 8 بڑی لیبارٹریز میں کورونا کی تشخیص کا نظام موجود ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر ملک بھر میں انتظامات کاجائزہ لیاجارہاہے اور ایمرجنسی کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے انتظامات کیے جا رہےہیں۔

دوسری جانب وزارت صحت کے مطابق اب تک پاکستان میں کورونا کی اسکریننگ سے 9 لاکھ کے قریب شہریوں کو ٹیسٹ کیا جا چکا ہے  اور ملک کے  19 داخلی راستوں پر اسکریننگ کا عمل جاری ہے ۔

حکام کے مطابق اسکریننگ کے عمل میں بین الاقوامی ہوائی اڈوں اور بارڈرز پر اسکینر اور تھرمل گن سے مسافروں کے جسم کا درجہ حرارت دیکھا جاتا ہے کورونا کے شبہ میں اب تک مختلف لیبارٹریز سے 360  شہریوں کے سیمپل چیک کیے جا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں تصدیق شدہ متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔

کراچی میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 14 ہوچکی ہے جن میں سے 2 مریض صحت یاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔

اس کے علاوہ اسلام آباد سے 2 اور  گلگت بلتستان اور کوئٹہ سے ایک ایک کیس سامنے  آیا ہے۔

مزید خبریں :