'حجاب مبارک دعا ملک'

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام

چند روز قبل گلوکارہ و میزبان دعا ملک کی جانب سے اشارہ دیا گیا تھا کہ جلد وہ بھی اپنے بھائی فیروز خان کی طرح شوبز سے کنارہ کشی کر لیں گی۔

اب اداکارہ دعا ملک نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک باحجاب تصویر شیئر کی ہے جس کے کیپشن میں انہوں نے حجاب سے متعلق قرآن کی ایک آیت کا حوالہ بھی دیا ہے۔

دعا ملک نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'بسم اللہ الرحمٰن الرحیم، یا اللہ مدد! یہ کرنے کے لیے بے حد ہمت چاہیے'۔

دعا ملک کی پوسٹ سے یہ بات ظاہر ہے انہوں نے اپنی زندگی کے نئے سفر کی شروعات حجاب سے کی ہے۔

دعا ملک کے اس نئے آغاز پر ان کی بہن ہمائمہ ملک نے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی ہے۔

—اسکرین گریب 

ہمائمہ ملک نے دعا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھا کہ 'اللہ ہم سب کو صراط مستقیم پر چلنے کی توفیق عطا کرے، حجاب مبارک دعا ملک'۔

خیال رہے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران دعا ملک سے فیروز خان کے شوبز چھوڑنے سے متعلق سوال کیا گیا تھا جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فیروز کے بعد بہت جلد ایسی ہی ٹوئٹ میری طرف سے بھی آنے والی ہے اور میرے بعد ہمائمہ کی باری ہوگی‘۔

چند روز قبل سابق اداکار فیروز خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ ’میرے مداح اس حوالے سے میرے بیان کا انتظار کررہے تھے، میں شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی کا اعلان کرتا ہوں‘۔

اس سے قبل اداکار حمزہ علی عباسی کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری چھوڑ دی ہے تاہم حمزہ علی عباسی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے ایکٹنگ، شوبز، سوشل میڈیا اور سیاست کسی کو بھی” خدا حافظ“ نہیں کہا، لوگوں کو دین،اسلام اور خدا کا پیغام دینا چاہتا ہوں اور اِن پربات کرنے کے لیے ٹی وی سمیت تمام میڈیم اورسوشل میڈیاکو استعمال کروں گا‘۔

مزید خبریں :