14 اپریل ، 2020
پاکستان فیشن انڈسٹری کی مقبول ترین ماڈل مشک کلیم نے ساتھی ماڈل ایمان علی کے آج کل کے دور کی ماڈلز پر متنازع تبصرے کا سخت الفاظ میں جواب دیا ہے۔
ایمان علی نے چند روز قبل ایک انٹرویو دیا تھا جس دوران انہوں نے موجودہ دور کی ماڈلز کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔
ایمان علی نے کہا تھا 'اگر پہلے کی فیشن انڈسٹری کو دیکھا جائے تو ذہین عورتیں ہی ماڈل بنتی تھیں لیکن اگر حالیہ دور کی بات کی جائے تو ایسا نہیں ہے'۔
ماڈل ایمان علی نے موجودہ دور کی ماڈلز کی ذہانت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'آج کل کی ماڈلز جس طرح سے بولتی ہیں مطلب ایسا لگتا ہے کہ ان کی جنرل نالج بھی نہیں ہے'۔
بعدازاں ایمان علی کے ان خیالات پر مقبول ترین ماڈل مشک کلیم نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
ماڈل مشک کلیم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک طویل پوسٹ لکھی جس میں انہوں نے لکھاکہ 'میں حیران ہوں کہ جس کو میں پسند کرتی تھی وہ اس طرح کی بات کرسکتی ہیں'۔
مشک کلیم نے کہا کہ 'اس بات کا کیا مطلب ہے کہ ہمیں بولنا نہیں آتا اور ہمارے پاس جرنل نالج بھی نہیں ہے، اگر انگریزی بولنے کی بات کی جائے تو یہ ہماری مادری زبان نہیں ہے اور ہر کوئی اسے اچھی طرح سے نہیں بول پاتا جس میں کوئی برائی نہیں'۔
خیال رہے کہ پاکستان فیشن انڈسٹری کی نوجوان ماڈل مشک کلیم نے میلان فیشن ویک 2019 میں معروف اطالوی ڈیزائنر اسٹیلا جین کے لیے ریمپ پر واک کی تھی۔