Time 14 اپریل ، 2020
کھیل

پاکستان کا ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ سائیکل کو آگے بڑھانے کا مطالبہ

کئی سیریز زیر التوا ہیں، ٹیسٹ چیمپئن شپ کو آگے بڑھادیا جائے تاکہ تمام ٹیموں کو اپنی سیریز مکمل کرنے کا موقع مل سکے، چیئرمین پی سی بی— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ سرگرمیاں معطل ہیں لہٰذا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ سائیکل کو آگے بڑھائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کی وجہ سے پہلے ہی کرکٹ بہت متاثر ہوچکی ہے اور کئی سیریز التوا کا شکار ہیں، ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کام مؤقف یہی ہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کو آگے بڑھادیا جائے تاکہ تمام ٹیموں کو اپنی سیریز مکمل کرنے کا موقع مل سکے۔

پی سی بی کے سربراہ نے مزید کہا کہ ابھی کسی کو نہیں معلوم کہ حالات کب ٹھیک ہوں گے ، یہ کرکٹ کیلئے ایک چیلنجنگ وقت ہے اور پی سی بی کو بھی اس کے اثرات کا سامنا ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ حالات پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے نشریاتی حقوق اور اسپانسرشپ کے معاہدوں پر اثر انداز ہوسکتے ہیں اور پی سی بی کی آمدن توقع سے کم ہوسکتی ہے۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگلے سائیکل میں آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کی خواہش ظاہر کردی ہے، امید ہے کہ پاکستان کو آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی ملے گی ، اس بات کا بھی امکان ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر مشترکہ طورپر کسی ایونٹ کی میزبانی کرے۔

ایک سوا ل پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد اس بات کی گواہی ہے کہ ملک میں بڑے پیمانے پر بھی کرکٹ ہوسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز ری شیڈول کرنے کے لیے نومبر اور دسمبر میں ونڈو نکالی ہے، امید ہے میچز دوبارہ کھیلے جائیں گے لیکن اگر یہ میچز نہ ہوسکے تو پھر فرنچائز کے ساتھ بات کریں گے کہ کس کو فاتح قرار دینا ہے۔

مزید خبریں :