پاکستان
Time 15 اپریل ، 2020

وزیر اعلیٰ سندھ امید کے بجائے موت کا خوف دلا رہے ہیں، فردوس عاشق

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سندھ کے سوا باقی سب نے وزیراعظم کی آواز پر لبیک کہا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے ترجمان اور وزیر قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ امید کے بجائے موت کا خوف دلا رہے ہیں، سندھ حکومت اختیارات کے استعمال میں اپنی ذمہ داریاں نہ بھولے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے صوبہ سندھ نے سب سے پہلے لاک ڈاؤن کیا تھا تاہم وزیراعظم عمران خان پہلے دن سے لاک ڈاؤن کے خلاف ہیں اور اس معاملے پر وفاق اور سندھ حکومت میں اختلاف رائے ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے جزوی لاک ڈاؤن 30 اپریل تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا تاہم ساتھ ہی تعمیراتی سیکٹر اور دیگر شعبوں کو کھولنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

آج وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن نرم نہیں مزید سخت کررہے ہیں اور کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وفاق کا مؤقف ہے کہ لوگوں کو گھروں میں بند نہیں کیا جاسکتا، بھوک اور بے روزگاری کی وجہ سے لوگ مجبور ہوکر سڑکوں پر آئیں گے اور پھر لاک ڈاؤن کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا جبکہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ لوگ کچھ دن مکمل لاک ڈاؤن پر عمل کرلیں تاکہ صورتحال جلد از جلد معمول پر آجائے جس پر اب فردوس عاشق اعوان نے وزیراعلیٰ سندھ پر لوگوں میں خوف پھیلانے کا الزام لگادیا ہے۔

مزید خبریں :