کھیل
Time 20 اپریل ، 2020

بابر اعظم کو آؤٹ نہ کر سکنے کا افسوس ہے: شاہین آفریدی

‏فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کلاس بیٹسمین بابر اعظم کو پاکستان سپر لیگ 5 میں آوٹ نہ کرنے کی وجہ سے افسردہ ہیں۔ 

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے وکٹ لینے کا موقع ہی نہیں دیا، مگر آئندہ جب بھی آمنا سامنا ہوا وہ بابر اعظم کی وکٹ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

‏فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پی ایس ایل ایل فائیو میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کی جب کہ بابر اعظم کراچی کنگز کا حصہ تھے۔ 

دونوں کا پی ایس ایل فائیو میں دو میچز میں آمنا سامنا ہوا لیکن شاہین شاہ آفریدی بابر اعظم کو آوٹ کرنے میں نا کام رہے۔

‏ شاہین شاہ آفریدی نے لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم سے ویب انٹرویو پر سوالات کے جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ پی ایس ایل میں بہت سی وکٹیں حاصل کیں اور بڑے بڑے کھلاڑیوں کو آوٹ کیا لیکن بابر اعظم کی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ 

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس بیٹسمین ہے اور ہر فارمیٹ میں وہ ٹاپ فائیو میں شامل ہے۔ "بابر میرا بھی پسندیدہ بیٹسمین ہے۔ میں اسے  آوٹ کرنا چاہتا تھا لیکن بابر اعظم نےموقع ہی نہیں دیا۔"

‏شاہین شاہ آفریدی وسیم اکرم  اور میچل اسٹارک کو اپنے پسندیدہ بولرز قرار دیا اور کہا وہ دونوں سے سیکھنا کی کوشش کرتے ہیں۔

‏یاد رہے کہ شاہین پی ایس ایل فائیو میں انجری کا شکار ہوئے لیکن انہوں نے لاہور قلندرز کی نمائندگی جاری رکھی۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل فائیو میں ان کی لاہور قلندرز کو ضرورت تھی، اسی لیے وہ کھیلتے رہے۔

 شاہین آفریدی نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں سے بہت سیکھنے کا موقع ملا، کرس لین ، بین ڈنک اور سمیت پٹیل کی کارکردگی بھی بہت اچھی تھی اور ان کے ساتھ کھیلنا اچھا لگا۔

 فاسٹ بولر نے بتایا کہ شاہد آفریدی کرکٹ کا بہت بڑا نام ہیں، وہ انہیں ذاتی طور پر بھی پسند ہیں اس لیے جب انہیں آوٹ کیا تھا تو جشن نہیں منایا تھا۔

مزید خبریں :