Time 20 اپریل ، 2020
پاکستان

لیاری کورونا کا نیا گڑھ بن گیا، دو روز میں 4 افراد جاں بحق اور 85 متاثر

 لیاری کے جو علاقے سب سے زیادہ متاثر ہیں، ان میں بہار کالونی، بغدادی، دریا آباد اور رانگی واڑا شامل ہیں: حکام— فوٹو: لیاری جنرل اسپتال/ سوشل میڈیا 

کراچی کا علاقہ لیاری بھی کورونا وائرس کا گڑ ھ بن گیا  اور  2 روز میں 85 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس لوگوں کو اپنا نشانہ بنارہا ہے۔ ضلعی ہیلتھ آفیسر جنوبی ڈاکٹر احمد علی کا کہنا ہے کہ  لیاری کے مختلف علاقوں سے گزشتہ 2 روز میں 85 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

حکام کے مطابق لیاری کے جو علاقے سب سے زیادہ متاثر ہیں، ان میں بہار کالونی، بغدادی، دریا آباد اور رانگی واڑا شامل ہیں۔

حکام نے بتایا کہ  متاثرہ 21 افراد کو ایکسپو سینٹر میں قائم آئسولیشن یونٹ منتقل کیا جاچکا ہے۔

حکام کے مطابق گنجان آباد علاقے، تنگ گلیاں اور حکومتی اقدامات پر عوام الناس کا عدم تعاون کیسز کو بڑھانے کا سبب بنا ہے جبکہ متاثرہ افراد میں 85 فیصد مرد اور 15 فیصد خواتین شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق لیاری کے علاقوں میں 48 گھنٹوں میں 85 کیسز کے بعد بھی اب تک کوئی علاقہ سیل نہیں کیا جاسکا۔

خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں اب تک مہلک وائرس سے 61 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جس میں سے 57 افراد کا تعلق کراچی سے تھا جبکہ شہر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1690 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :