30 اگست ، 2012
نیویارک … یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں برطانیہ کے اینڈی مرے ، جان ازنر، ماریا شراپوا نے اپنے اپنے میچز جیت کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ،جبکہ بیلجیئم کی کم کلائسٹرز برطانیہ کی لورا روبسن کے ہاتھوں شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ فلشنگ میڈوز میں سال کے آخری گرینڈ سلم یو ایس اوپن کے دوسرے راوٴنڈ میں برطانیہ کے اینڈی مرے نے کروشیا کے آئیون ڈوڈگ کو 6-2، 6-1، 6-3 سے ہراکر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا،اسپین کے ڈیوڈ فیرر نے جنوبی افریقا کے کیون اینڈرسن کو باآسانی اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر دوسرے راوٴنڈ میں جگہ بنالی،ان کی جیت کا اسکور 6-4، 6-2 اور 7-6 رہا۔ امریکا کے جان ازنر اور ارجنٹائن کے یو آن مارٹن ڈیل پوٹرو نے بھی اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ خواتین مقابلوں میں روس کی ماریا شراپوا نے اسپین کی لورڈیس ڈومینی کو 6-0 اور 6-1 سے ہراکر تیسرے مرحلے میں جگہ بنالی۔ ایونٹ کا ایک اپ سیٹ اس وقت ہوا ،جب بیلجیئم کی کم کلائسٹرز برطانیہ کی لورا روبسن کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7-6 اور 7-6سے شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔