Time 23 اپریل ، 2020
کھیل

کورونا سے متاثر کرکٹ کی بحالی کیلئے آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی ٹیلی کانفرنس

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ سپر لیگ پر صورتحال واضح ہونے کے بعد کسی قسم کا فیصلہ کرنے پر اتفاق کیا گیا— فوٹو: فائل

دنیا بھر میں کورونا وائرس وبا کی وجہ سے متاثرہ کرکٹ کی بحالی پر بات چیت کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی ٹیلی کانفرنس میں فیوچر ٹور پروگرام اور متاثرہ سیریز کی ری شیڈولنگ پر غور کیا گیا۔

آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق، ٹیلی کانفرنس میں تمام 12 ممبر ملکوں کے بورڈز کے چیف ایگزیکٹوز شریک ہوئے اور مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ سپر لیگ پر صورتحال واضح ہونے کے بعد کسی قسم کا فیصلہ کرنے پر اتفاق کیا گیا تاہم یہ بات طے ہوگئی کی فیوچر ٹور پروگرام میں ردوبدل ہوگا اور اس پر باہمی مشاورت کے ساتھ فیصلہ کیا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کو مؤخر کرنے پر بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فی الحال دونوں ایونٹس کی تیاری شیڈول کے مطابق ہی کی جائے ۔

اس موقع پر کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیوین رابرٹس کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کے مطابق انعقاد کے لیے آسٹریلوی حکومت کے فیصلوں کی روشنی میں کام کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ سی ای سی کی ٹیلی کانفرنس کرکٹ کی بحالی کیلئے مشترکہ اقدامات کی جانب پہلا قدم ہے، یہ ایک ایسی صورتحال ہے جس میں سب کا مل کر کام کرنا بے حد ضروری ہے۔

مزید خبریں :