15 مئی ، 2024
عرصے سے یہ بحث چل رہی ہے کہ مرد زیادہ اچھے ڈرائیورز ہوتے ہیں یا خواتین۔
ایسا لگتا ہے کہ اب فرانس میں اس متنازع سوال کا جواب دیا گیا ہے۔
فرانس میں ایک نئی روڈ سیفٹی مہم کے دوران مردوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ 'خواتین کی طرح ڈرائیو' کریں تاکہ سڑکوں پر حادثات سے ہونے والی اموات کی تعداد میں کمی لائی جاسکے۔
ایک ادارے وکٹمز اینڈ سیٹیزنز کی جانب سے یہ مہم چلائی جا رہی ہے جس کے مطابق یہ خیال غلط ہے کہ خواتین اچھی ڈرائیونگ نہیں کرتی۔
فرانس کے حکومتی اعدادوشمار کے مطابق 84 فیصد جان لیوا ٹریفک حادثات میں مرد ذمے دار ہوتے ہیں اور مجموعی طور پر 93 فیصد حادثات ان کی وجہ سے ہوتے ہیں۔
فرانس میں سالانہ ٹریفک حادثات میں اوسطاً 3 ہزار کے قریب اموات ہوتی ہیں۔
مگر حالیہ برسوں میں اس تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور 11 یورپی ممالک میں ہونے والے سروے کے مطابق فرانسیسی ڈرائیورز سب سے زیادہ جارحانہ انداز سے گاڑی چلاتے ہیں۔
67 فیصد گاڑی چلاتے ہوئے دیگر ڈرائیورز کو کوستے رہتے ہیں جبکہ 91 فیصد اکثر تیز رفتاری سے ڈرائیورنگ کرتے ہیں۔
فرانسیسی حکومت کے روڈ سیفٹی ادارے کی سربراہ Florence Guillaume نے بتایا کہ خواتین کے مقابلے میں مرد خطرے کا تجزیہ مختلف انداز سے کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اکثر اوقات مرد ڈرائیونگ کے دوران مہارت کی بجائے طاقت کا مظاہرہ کرنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔