Time 10 مئی ، 2020
کھیل

خواتین کرکٹرز کے بھی آن لائن فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم اور ڈومیسٹک کرکٹرز کے گزشتہ ماہ فٹنس ٹیسٹ کے بعد اب ویمن کرکٹرز کے بھی آن لائن فٹنس ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قومی خواتین کرکٹ کی منیجمنٹ نے 38 کھلاڑیوں کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ لینے کا اعلان کیا ہے۔

پیر سے شروع ہونے والے آن لائن فٹنس ٹیسٹ 20 مئی تک جاری رہیں گے جس میں خواتین کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ میں پرون ہولڈ، بلغارین اسکاٹس، ورٹیکل جمپس اور پش اپس شامل ہوں گے۔ 

ماہ رمضان کے باعث خواتین کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ روزے کے مقررہ اوقات کار کے بعد لیے جائیں گے۔

فٹنس ٹیسٹ کے نتائج کا خواتین کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ پر کوئی اثر نہیں ہوگا جب کہ  ٹیسٹ کی نگرانی عمران خلیل کریں گے جنہیں فٹنس ٹرینر کی عبوری ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

اس ضمن میں چیف سلیکٹر  قومی خواتین کرکٹ عروج ممتاز کا کہنا ہےکہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق کھلاڑیوں کو اپنا فٹنس لیول ہر وقت برقرار رکھنا ہے، اپنے سسٹم میں فٹنس کلچر کو فروغ دینا ہمارا ہدف ہے۔

عروج ممتاز نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہم نے اس امر کویقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ تمام کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کسی بھی سامان کے بغیر اور انڈور ہی منعقد ہو سکیں۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ اس موقع پر فٹنس کا مطلوبہ معیار حاصل نہ کرنے پر کھلاڑیوں پر کوئی پنالٹی نہیں لگا رہے تاہم تمام کرکٹرز کو ہدایت کرتے ہیں کہ بطور پروفیشنل کرکٹرز انہیں اپنا فٹنس لیول برقرار رکھنا چاہیے تاکہ جوں ہی کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہوں وہ اس میں شرکت کے لیے تیار ہوں۔

مزید خبریں :