10 مئی ، 2020
پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کا طیارہ چین سے 17 ٹن طبی آلات اور حفاظتی سامان لے کر پاکستان پہنچ گیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا طیارہ کورونا وائرس کے پیش نظر طبی آلات و حفاظتی سامان لیکر چین کے دارالحکومت بیجنگ سے اسلام آباد پہنچا۔
ترجمان نے بتایا کہ سامان میں 24 ایکسرے مشینیں اور اس کے پارٹس جبکہ 3 لاکھ 71 ہزار ٹیسٹنگ کِٹس اورمختلف اقسام کے 10 لاکھ ماسک بھی شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چین سے خریدے گئے سامان کی بذریعہ پی آئی اے پاکستان منتقلی کا سلسلہ جاری ہے اور یہ اسلام آباد لائے گئے سامان کی یہ چھٹی کھیپ ہے۔
خیال رہے کہ چین کی جانب سے پاکستان کو مہلک وائرس کے خلاف جنگ میں ماسک، حفاظتی سامان اور دیگر آلات فراہم کیے گئے ہیں اور اب تک متعدد پروازوں کے ذریعے سامان پاکستان پہنچایا جاچکا ہے۔