16 مئی ، 2020
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا ہے کہ وزراء انویسٹی گیشن ایجنسیز کو ہدایت دے رہے ہیں، جوخلاف قانون ہے۔
ن لیگ کے رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ نواز شریف کا جرم یہ ہے کہ ملک سے اندھیرے ختم کیے، شہزاد اکبر صاحب آپ کے سوالات کے جوابات ضرور دیں گے۔
اس موقع پر ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شہزاد اکبر دوسروں پر باتیں کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لیاکریں، نیب کی کارکردگی پر پہلے سے ہی بہت سوالات اٹھ چکے ہیں، عید کے بعد گرفتاریوں کا جو ڈرامہ ہونا ہے اس کی تیاری کی جارہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صادق اور امین ڈکلیئر ہونے کے بعد بھی خاطر جمع رکھیں، آپ کے بھی پرانے ریکارڈ نکل سکتے ہیں،کورونا سے سیکڑوں افراد انتقال کرگئے، حکومت کو عوام کی فکر نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر عید کےبعد دما دم کرنے کا شوق ہے تو بڑے شوق سے آئیں، دوسری جماعتوں کے فنڈ کی بات کرتے ہیں، پی ٹی آئی کے فنڈ کا ریکارڈ کہاں ہے؟ آئیں میڈیا کے سامنے سوال وجواب کریں۔
پریس کانفرنس کے دوران عطاء اللہ تارڈ نے کہا کہ شہزاد اکبرآئے دن اربوں روپے کی کرپشن کا الزام لگاتے ہیں، عدالتوں میں آئیں، شہباز شریف کا کیٹل فارم ڈکلیئرڈ ہے، کروڑوں روپے سالانہ ٹیکس دیتے ہیں، الزامات لگانے کا مقصد کورونا کے حوالے سے حکومت کی کارکردگی پر پردہ ڈالنا ہے۔
انہو ں ںے کہا کہ شہزاد اکبر اربوں کا الزام لگاتے لگاتے لاکھوں پر آگئےہیں ، پراسیکیوشن کا کوئی قصور نہیں ، آپ کے پاس ثبوت نہیں ، آپ اپنے چینی اور آٹا چوروں کی فکر کریں، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کےتمام لوگوں کی ضمانت ہوچکی ہے ، شہبازشریف نے قوم کا اربوں روپیہ بچایا۔