18 مئی ، 2020
پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ ووہان میں پھنسے طلبہ کو لے کر پاکستان پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق چین میں پھنسے 250 سے زائد پاکستانی طلبہ پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 8872 طلبہ کو لے کر اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچی، اس سے قبل ووہان ائیرپورٹ پر طلبہ کی مکمل طبی جانچ کی گئی اور طلبہ کی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی چیک کی گئی۔
بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے اعلامیے کے مطابق چین سے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے والی یہ پہلی خصوصی پرواز تھی اور یہ پاکستانی طلبہ ووہان سمیت چینی صوبے ہوبئی کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم تھے۔
خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں چین نے کورونا کی وبا کے مرکز ووہان شہر سمیت پورے صوبے ہوبئی کو لاک ڈاؤن کردیا تھا، اس دوران وہاں زیر تعلیم 500 سے زائد پاکستانی طالب علم بھی پھنس گئے تھے۔
طلبہ اور ان کے والدین کی جانب سے حکومت پر زور دیا گیا تھا کہ وہ انہیں وطن واپس لانے کیلئے اقدامات کرے تاہم چینی حکومت کی جانب سے طلبہ کی دیکھ بھال کی یقین دہانی اور وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے حکومت پاکستان نے طلبہ کو فوری طور پر وطن واپس نہ لانے کا فیصلہ کیا تھا۔