01 ستمبر ، 2012
لاہور … لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا، جس میں عدالتی احکامات کے باوجود پولیس کی طرف سے مقدمات درج نہ کئے جانے کی وجوہات اور اس وجہ سے سائلین کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے جج صاحبان ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،آئی جی پولیس پنجاب، سیکریٹری پراسیکیوشن، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب، ایڈیشنل آئی جی پولیس انویسٹی گیشن پنجاب، ریجنل پولیس آفیسرز، پنجاب بار کونسل، لاہور ہائی کورٹ بار اور اس کے ملتان، راولپنڈی، بہاولپور بینچزکے عہدے داران، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ اور پنجاب کے ڈسٹرکٹ سیشن جج شریک ہوئے۔ یہ اجلاس لائبریری کے بند ہال میں ہوا، جس میں پولیس کے عدالتوں کے احکامات نہ ماننے سے پیدا ہونے والی آئینی و قانونی دشواریوں پر بحث کی گئی۔