01 ستمبر ، 2012
پشاور … چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ کامیاب انصاف کا نظام بہترین معاشرے کی نشانی ہے، اس لئے انصاف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں برتنی چاہئے۔ پشاور میں جوڈیشل افسروں کے تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں برتنی چاہئے، کیونکہ کامیاب انصاف کا نظام بہترین معاشرے کی نشانی ہے جبکہ انصاف کی عدم فراہمی کئی مسائل کو جنم دیتی ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ججوں کو بغیر کسی خوف کے فیصلے لکھنے چاہئیں اور شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی ناکامی کے باعث عدلیہ پر مقدمات کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا آئندہ عام انتخابات میں اچھے اور اہل لوگوں کو منتخب کرنا چاہئے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بار اور بینچ انصاف کے نظام کے دو پہیے ہیں، اس لئے دونوں کے درمیان اچھے تعلقات ہونے چاہئیں۔ پشاور شہر میں بوری بند لاشوں کے ملنے سے متعلق چیف جسٹس نے کہا کہ ہائی کورٹ کے نوٹس کے بعد بور ی بند لاشوں سے متعلق خبریں نہیں آرہی ہیں۔