پاکستان
01 ستمبر ، 2012

فیصل آباد: بیماری کے ہاتھوں بے بس ماں کی وزیراعلیٰ سے اپیل

فیصل آباد: بیماری کے ہاتھوں بے بس ماں کی وزیراعلیٰ سے اپیل

فیصل آباد … فیصل آباد میں 5 بچوں کی ماں دل کی ایسی بیماری میں مبتلا ہے، جس کا علاج نہ ہونے سے ہاتھ پیر سوج کر منوں وزنی ہو گئے ہیں۔ فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد کا رہائشی مشتاق محنت مزدوری کرکے گھر والوں کا پیٹ پالتا ہے۔ اس کی بیوی ممتاز بی بی 2 سال سے دل کی بیماری کارڈیو مائی پیتھی میں مبتلا ہے۔ یہ دل کے پٹھوں کی بیماری ہے جس سے جگر وغیرہ بھی متاثر ہوتے ہیں۔ غربت کے سبب علاج نہ ہونے سے ممتاز بی بی کے ہاتھ پاوٴں سوج کر منوں وزنی ہو گئے ہیں۔ یہ بے بس خاتون چلنے پھرنے سے معذور اور آہستہ آہستہ زندگی سے دور ہوتی جارہی ہے۔ ممتاز بی بی کے شوہر مشتاق کا کہنا ہے کہ ہمارے اندر ہمت نہیں کہ ہم اس کا علاج کروائیں، علاج کروائیں یا روٹی کھائیں، ہم بہت غریب ہیں، میرے 5 بچے ہیں۔دوسری جانب ماں کی بیماری سے پانچوں بچے بھی بہت پریشان ہیں، سوجے ہوئے ہاتھوں سے ماں روٹی نہیں پکاسکتی، اس لئے کھانا بھی بچوں کو باپ کے ساتھ مل کر خود تیار کرنا پڑتا ہے۔ ممتاز بی بی زندگی سے مایوس تو ہو چکی ہے لیکن بچوں کیلئے جینے کی امنگ نے اس کی سانسوں کو سہارا دے رکھا ہے۔ ممتاز بی بی اپنے حالات سے متعلق کہتی ہے کہ ایک وقت کی روٹی پکتی ہے ایک وقت کی نہیں، میرے بچے خود کام کرتے ہیں میں چل پھر بھی نہیں سکتی، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے اپیل ہے کہ میرا علاج کروا دیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جو بیماری ممتاز بی بی کو لاحق ہے اس میں مستقل اور اچھے علاج کی ضرورت ہوتی ہے، ورنہ مریض کی جان چلی جاتی ہے، لیکن ممتاز بی بی کے شوہر کے پاس بیوی کو اسپتال لے جانے کا کرایہ تک نہیں، علاج کہاں سے کرائے۔

مزید خبریں :