01 ستمبر ، 2012
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کوئٹہ کے علاقے ہزارگنجی میں ہزارہ کمیونٹی کے افراد کے بہیمانہ قتل کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے اور اسے انسانیت کا کھلا قتل قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں الطا ف حسین نے کہا کہ بلوچستان میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے معصوم وبے گناہ افراد کی نسل کشی کی جارہی ہے اور انہیں بسوں سے اتار کر محض اہل تشیع ہونے کی بنیادپرقتل کیا جارہا ہے، پہلے بھی مجھ سمیت اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر یقین رکھنے والے تمام سچے رہنماوٴں، علمائے کرام اورمشائخ نے ظلم و بربریت کے ان واقعات کا سلسلہ رکوانے کا بار بارمطالبہ کیالیکن قتل و غارتگری کے ان واقعات کاسلسلہ نہ رک سکا اور آج پھر کوئٹہ میں مزید7 معصوم وبے گناہ افراد کو باقاعدہ شناخت کرکے انہیں گولیوں سے بھون دیاگیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ آج ہزارہ کمیونٹی ہی نہیں بلکہ پورے ملک کا ہرامن پسندشہری یہ سوال کررہاہے کہ حکومت، سیکیورٹی فورسز اور ان کی ایجنسیاں کدھر ہیں؟، آخرمعصوم انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے سفاک عناصر کوگرفتارکیوں نہیں کیا جارہا ہے؟، الطاف حسین نے کہاکہ میں وفاقی و صوبائی حکومت اور تمام عسکری اداروں سے مطالبہ کرتاہوں کہ معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے کایہ سلسلہ بندکرایاجائے اور ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کیاجائے، کہیں ایک مخصوص کمیونٹی کی نسل کشی کایہ سلسلہ کوئی خطرناک صورت اختیار نہ کرجائے۔ الطا ف حسین نے ہزار گنجی میں قتل کئے جانیوالے ہزارہ برادری کے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہزارہ کمیونٹی سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مقتولین کی مغفرت فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔