پاکستان
01 ستمبر ، 2012

نئے صوبے پاکستان کیلئے ناگزیر ہیں، ڈاکٹر وسیم اختر

نئے صوبے پاکستان کیلئے ناگزیر ہیں، ڈاکٹر وسیم اختر

لاہور … امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ نئے صوبے ملک کیلئے ناگزیر ہیں، اٹارنی جنرل عرفان قادر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر کا عہدہ وفاق کی علامت ہوتا ہے، آصف علی زرداری سیاسی جماعت کے شریک چیئرمین ہیں اس لئے وہ دونوں میں سے صرف ایک عہدہ رکھ سکتے ہیں، ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ نئے صوبوں پر سیاست نہ چمکائی جائے یہ ملک کی ناگزیر ضرورت ہیں، ملک میں جتنے زیادہ صوبے ہوں گے عوام کو اتناہی زیادہ ریلیف میسر آئے گا اور ادارے مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام کو بھی ان کا آئینی حق دیتے ہوئے صوبائی حیثیت کو بحال کیا جانا چاہئے، جنوبی پنجاب کے عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، وڈیروں اور جاگیر داروں نے سرائیکی عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، مسائل جوں کے توں ہیں، پنجاب میں بھی دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہیں، کرپشن اور لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے، حالیہ اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے، مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر پیٹرول بم گرانے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ رہنما جماعت اسلامی ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا۔

مزید خبریں :