01 ستمبر ، 2012
عمر کوٹ … وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ضلع عمرکوٹ کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے خصوصی پیکیج کے تحت 3 ارب 30 کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر آفس عمرکوٹ میں سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ عمرکوٹ کی ترقی کیلئے علاقے سے منتخب ارکان اسمبلی کو مزید 28 کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیمیں بھی دی جارہی ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں آباد گاروں کو 2 سے 3 لاکھ روپے کی سبسڈی سے 15 ہزار ٹریکٹر بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کنری اور نیو چھور میں کڑوے پانی کو میٹھا بنانے کیلئے پلانٹس لگانے کا بھی اعلان کیا۔ سندھ کابینہ کے اجلاس میں ایم کیو ایم کا کوئی وزیر شریک نہیں ہوا، جس پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کابینہ میں 40 وزراء ہیں، جس کی جہاں ضرورت ہوتی ہے انہیں وہیں بلایا جاتا ہے۔