01 ستمبر ، 2012
لاہور…لاہور کی مقامی عدالت نے کالعدم مذہبی تنظیم کے سربراہ ملک اسحاق کی جانب سے ضمانت کی درخواست کو خارج کر دیا ہے۔ ماڈل ٹاوٴن کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ جاوید شوکت کی عدالت میں ملک اسحاق نے درخواست ضمانت جمع کرائی جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے خلاف سیاسی انتقام لینے کیلئے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا اور متعلقہ الزام سراسر جھوٹ پر مبنی ہے،تاہم عدالت نے پولیس ریکارڈ دیکھتے ہوئے کالعدم مذہبی تنظیم کے سربراہ ملک اسحاق کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ ملک اسحاق کے خلاف نشتر ٹاوٴن تھانہ میں ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی اور مذہبی منافرت پھیلانے کا مقدمہ درج ہے اور وہ چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔