30 مئی ، 2020
ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقامی ہوٹل میں بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ رولز 235 کے تحت مقامی ہوٹل کے کرسٹل اور رائل گرینڈ ہالز کو اسمبلی چیمبر ڈکلیئر کر دیا گیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کے مطابق اسمبلی کے ہال میں اراکین کا کورونا ایس او پیز کے مطابق بیٹھنا ممکن نہیں اس لیے کووڈ- 19 کے ایس او پیز کے مطابق اسمبلی ارکان کا سٹنگ پلان تیار کیا گیا ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے ارکان کے کورونا ٹیسٹ یقینی بنائیں تاکہ وہ اجلاس میں شریک ہو سکیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس 5 جون بروز جمعہ 3 بجے فلیٹیز ہوٹل میں طلب کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جب کہ کورونا وائرس سے صوبائی اسمبلیوں کے اراکین بھی متاثر ہو رہے ہیں۔