05 جون ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا جس کے مطابق 9 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیے گئے ہیں جبکہ 9 مزید کھلاڑیوں کو ایمرجنگ کیٹیگری کے کنٹریکٹس ملے ہیں۔
پی سی بی اعلامیہ کے مطابق کنٹریکٹ حاصل کرنے والوں میں بسمعہ معروف اور جوریہ خان کو اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، یہ دونوں کھلاڑی پچھلے کنٹریکٹس میں بی کیٹیگری میں تھیں۔
بی کیٹیگری میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور سدرہ نواز شامل ہیں، ڈیانا بیگ پچھلے سیزن میں سی کیٹیگری میں شامل تھیں جبکہ سی کیٹیگری کی کھلاڑیوں میں انعم امین، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل اور ندا ڈار شامل ہیں، کرکٹر ندا ڈار اے کیٹیگری سے سی کیٹیگری میں آئیں ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والی ثنا میر کے علاوہ سدرا امین اور ناشرا سندھو کو کنٹریکٹ نہیں ملا۔
ایمرجنگ کیٹیگری کی فہرست میں 16 سالہ سیدہ عروب شاہ، 15 سالہ عائشہ نسیم، 22 سالہ منیبہ علی، فاطمہ ثنا، کائنات حفیظ، ناجیہ علوی، رامین شمیم، صبا نذیر اور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔
انعم امین اور عمیمہ سہیل دوبارہ سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں۔
پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کیٹیگریزکے معاوضوں میں بھی اضافہ کیا ہے جس کے تحت کیٹیگری اے کی ماہانہ آمدن میں 33 فیصد، بی میں 30 جبکہ سی میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے بسمعہ معروف کو اگلے سیزن تک کیلئے کپتان برقرار رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے تاہم ہیڈ کوچ اقبال امام کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق اقبال امام کی خدمات کو واپس ہائی پرفارمنس سیٹ اپ کے حوالے کردیاگیا ہے۔
پاکستان ویمن سلیکشن کمیٹی کی سربراہ عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے اعلان سے قبل سلیکشن کمیٹی نے ا یک طویل مشاورت کی جس میں گزشتہ 12 ماہ کے دوران قومی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کاجائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی اہم فاسٹ بولر ڈیانا بیگ کو عمدہ کارکردگی کی بدولت کنٹریکٹ میں ایک درجہ ترقی دے کر بی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے جبکہ توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے کی وجہ سے ندا ڈار کی کیٹیگری میں تنزلی کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب 6 ماہ بعد سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی خواتین کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔