Time 08 جون ، 2020
کھیل

پی سی بی کا کرکٹ میں واپسی تک حسن کی مالی معاونت جاری رکھنے کا اعلان

طبی ماہرین کے مطابق حسن علی کو سرجری کی ضرورت نہیں اور وہ توقعات سے قبل ہی مسابقتی کرکٹ میں واپسی کرسکتے ہیں— فوٹو: فائل

پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی نے کمر کی انجری سے چھٹکارے کے لیے ترتیب دیے گئے ورچوئل ری ہیب سیشن کی طرف مثبت رویہ اختیار کیا ہے، طبی ماہرین کے مطابق حسن علی کو سرجری کی ضرورت نہیں اور وہ توقعات سے قبل ہی مسابقتی کرکٹ میں واپسی کرسکتے ہیں۔

حسن علی نے گذشتہ ہفتے 2 گھنٹوں پر محیط آن لائن ری ہیب سیشن میں شرکت کی، اس سیشن کی نگرانی لاہور کے معروف نیوروسرجن آصف بشیر، آسٹریلیا میں مقیم ممتاز اسپائنل تھراپسٹ پروفیسر پیٹر او سولیون اور پی سی بی کی میڈیکل ٹیم نے کی۔

پینل کے مطابق اس سیشن کے نتائج حوصلہ افزاء رہے ہیں اور وہ آئندہ 5 ہفتے حسن علی میں بہتری کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد اگلا کوئی بھی قدم اٹھانے کا فیصلہ کریں گے۔

پی سی بی شعبہ میڈیکل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں ایک ہی حصے سے دو مرتبہ انجریز کا شکار ہونا کوئی معمولی بات نہیں، نتیجتاً ہم نے چند بہترین اور تجربہ کار ماہرین سے مشاورت کی۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی آن لائن ری ہیب سیشن کے بعد ماہرین کی آراء جان کر خوشی ہوئی ہے کہ حسن علی میں انجری کی علامتی واپسی کے کوئی اثرات ظاہر نہیں ہوئے تاہم یہ ری ہیب پروگرام کے ابتدائی ایام ہیں اور ہم اس ضمن میں مشترکہ طور پر مستقبل سے متعلق کسی بھی فیصلے سے قبل آئندہ پانچ ہفتے فاسٹ بولر میں بہتری کے اثرات کا جائزہ لیتے رہیں گے۔

اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کرکٹ میں واپسی تک حسن علی کی مالی معاونت جاری رکھے گا، پی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ انجری کے سبب حسن علی کے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم رہ جانے کےباعث کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ حسن علی ہمارا اثاثہ اور آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے ہیرو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب حسن علی کو ہماری ضرورت ہے اور وہ ہماری طرف دیکھ بھی رہے ہیں تو ان حالات میں ان کی مدد کرنا پی سی بی کی ذمہ داری ہے۔

اپریل کے آخر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل کی جانب سے حسن علی کی کمر کے نچلے حصے میں شدید دباؤ کی تشخیص کی گئی تھی۔ اس سے قبل حسن علی نے ستمبر 2019 میں تکلیف کی شکایت کی تھی جس کے سبب دورہ آسٹریلیا کے لیے ان کا نام واپس لے لیا گیا تھا۔

پھر قائد اعظم ٹرافی کے دوران درد محسوس کرنے کے بعد مکمل صحتیاب ہوکر انہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں شرکت کی تاہم کووِڈ 19 کے سبب لیگ 15 مارچ کو ملتوی کردی گئی۔

حسن علی نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو اگست 2016 میں کیا اور وہ اب تک 9 ٹیسٹ، 53 ایک روزہ اور 30 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں.

مزید خبریں :