15 جون ، 2020
تائیوان کے دارالحکومت تائپی سے سوا دو گھنٹے میں ویتنام پہنچنے والی پرواز کو "کے ہو چی میٹ سٹی" ائیرپورٹ پر لینڈنگ کیلئے 5 گھنٹے فضا میں چکر کاٹنا پڑ گئے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اتوار کی دوپہر ویتنام کے شہر کے ہو چی میٹ کے ٹین سونٹ ائیر پورٹ پر ویتنام جیٹ ائیر کا مسافر بردار طیارہ رن وے سے ٹکرا گیا لیکن خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی مسافر زخمی ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ ویتنام کے سیاحتی جزیرے فو کوکوک سے ٹیک آف کرکے لگ بھگ 59 منٹ کے سفر کے بعد کے ہوچی میٹ سٹی پہنچا تھا وہ شدید بارش اور طوفان کی وجہ سے رن وے سے پھسل گیا۔
ویتنام جیٹ نے بیان میں یہ نہیں بتایا کہ جہاز میں کتنے مسافر سوار تھے تاہم کہا گیا ہے کہ ہوائی جہاز کے تمام مسافر اور عملہ سب محفوظ ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی وجہ سے اتوار کے روز ہوائی اڈے کو مختصر طور پر بند کردیا گیا تھا۔
اس موقع پر یہ بات دلچسپ رہی کہ تائیوان کے دارالحکومت تائپی سے دو گھنٹے کا سفر طے کرکے پہنچنے والی ایوا ائیر کی پرواز بی آر 395 کو ویتنام کے ہو چی میٹ سٹی کے اوپر 5 گھنٹے فضا میں ہی چکر کاٹنا پڑے حالانکہ اس طیارے کو قریب کے کسی بھی ائیرپورٹ پر اتارا جا سکتا تھا ورنہ تو اپنی روانگی سے تائپی ائیرپورٹ پہنچ کر ایک گھنٹہ ریسٹ کے بعد اس دورانیہ میں دوبارہ یہ پرواز واپس ویتنام آسکتی تھی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ائیربس کمپنی کے ماڈل اے 321 کا ہے جو محض دو سال پرانا ہے اور مارچ 2018 میں ویتنام جیٹ ائیر میں شامل کیا گیا۔