پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کا کورٹس میں واپسی کا اعلان

فوٹو: فائل

ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز  (اے ٹی پی) کے جانب سے ٹینس مقابلوں کی اگست سے بحالی کے اعلان کے بعد پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے بھی ٹینس کورٹس میں واپسی کا اعلان کر دیا۔

ٹینس اسٹار اعصام الحق کہتے ہیں سنساٹی اوپن سے ایک بار  پھر ٹینس ایکشن میں واپس آئیں گے، یو ایس اوپن اور فرنچ اوپن میں بھی شرکت کریں گے۔

ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز کے اعلان کے مطابق کووڈ-19 کی وجہ سے معطل ٹینس مقابلے 14 اگست کو واشنگٹن میں سٹی اوپن کے ساتھ بحال ہو جائیں گے۔

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق بحالی کے بعد دوسرے ایونٹ  22 اگست سے ہونے والے سنساٹی اوپن میں شرکت کریں گے جس کے بعد وہ اگست میں یو ایس اوپن اور پھر ستمبر میں فرنچ اوپن میں بھی ایکشن میں ہوں گے۔

قومی ٹینس اسٹار نے بتایا کہ مارچ میں ڈیوس کپ ٹائی کے بعد سے انہوں نے ٹینس نہیں کھیلی تھی، لاک ڈاؤن میں نرمی ہوئی تھی تو اس ماہ کے آغاز میں دو بار ٹینس پریکٹس کی، اس کے علاوہ گھر میں خود کو فٹ رکھنے کے لیے ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھا تھا۔ 

اعصام کا کہنا تھا کہ اے ٹی پی کی جانب سے ٹینس کی بحالی کے اعلان کے بعد وہ منتظر ہیں کہ پنجاب میں جونہی لاک ڈاؤن ختم ہو تو وہ باضابطہ اپنی پریکٹس کا آغاز کردیں تاکہ اگست میں ہونے والے ایونٹس کے لیے تیار ہوا جاسکے۔

اعصا م الحق نے تصدیق کی کہ وہ برطانیہ کے ڈومینک انگلوٹ کے ساتھ اپنی شراکت داری برقرار  رکھیں گے۔

ایک سوا ل پر ان کا کہنا تھا کہ ٹینس میں کورٹ پر تو ایس او پی اور سوشل ڈسٹنس فالو آسانی سے ہو جائیں گے لیکن کورٹ کے باہر کچھ مسائل ہو سکتے ہیں کیوں کہ کورٹ کے باہر اکثر  پلیئرز لاکر روم بھی شیئر کرتے ہیں اور وینیو  پر  پلیئر ریسٹورینٹ ایک یا دو ہوتے ہیں جہاں سب پلیئرز جمع ہوتے ہیں تاہم امید ہے کہ منتظمین ان وینیوز پر سوشل ڈسٹنسنگ کے لیے اقدامات کریں گے۔ 

اعصام الحق نے مزید کہا کہ اس بار گرانڈ سلم میں پلیئر صرف ایک ساتھی کو گراؤنڈ لاسکے گا اس سے قبل گرینڈ سلمز میں پلیئرز کے پاس یہ آپشن ہوتا تھا کہ وہ اپنے اسٹاف اور فیملی ممبران کو گراؤنڈ لے کر آئیں لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا، ہر پلیئر کے ساتھ صرف ایک فرد ہوگا جس پر کچھ پلیئرز ناراض بھی ہیں۔

40 سالہ اعصام الحق 1998 سے  پروفیشنل ٹینس سرکٹ کا حصہ ہیں، وہ اس سال 23 جون کو اولمپک ڈے کے موقع پر ہونے والی آئی او سی کی لائیو ورک آوٹ مہم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ 

اعصام الحق کا کہنا ہے کہ آئی او سی کے فورم پر پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے، وہ اولمپک ڈے ورک آوٹ کے لیے کافی پرجوش ہیں اور فینز سے کہیں گے کہ 23 جون کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے آئی او سی کے پلیٹ فارم پر انہیں جوائن کریں۔

مزید خبریں :