03 ستمبر ، 2012
لاہور…پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری پارلیمانی لیڈر چودھری ظہیرالدین خاں نے کہا ہے کہ ق لیگ کی قیادت ،اس کے کارکن اور پارلیمانی پارٹی کے اراکین شوکت بسرا کے خلاف پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائی اور مقدمہ کے اندراج کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔مسلم لیگ ہاوٴس میں پارٹی عہدیداروں اور میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری ظہیرالدین خاں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ صاف ستھر ی سیاست پر یقین رکھتی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ، جوں جوں الیکشن قریب آرہے ہیں امید واروں کی تلاش میں مارے مارے پھرنے والے صوبائی حکمرانوں کی انتقامی کارروائیاں بھی بڑھ گئی ہیں۔چودھری ظہیرالدین خاں نے کہا کہ وفاداریاں تبدیل کرنے سے انکار کرنے والے پاکستان مسلم لیگ کے اراکین صوبائی اسمبلی اس کے عہدیداروں اور کارکنوں کو مسلسل ساڑھے چار سال سے صوبائی حکمران انتقامی کارروائیوں کانشانہ بنارہے ہیں ،سینکڑوں جعلی مقدمات درج کروائے گئے اور وفاداریاں تبدیل کروانے کیلئے ان کے کاروبار پر حملے کئے گئے ، انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے منتخب نمائندوں کی تذلیل بند کردیں۔