دنیا
05 ستمبر ، 2012

ٹیکساس:پانی کے جہاز پر اردو ہندی مشاعرہ کا اہتمام

 ٹیکساس:پانی کے جہاز پر اردو ہندی مشاعرہ کا اہتمام

ڈیلس ٹیکساس (راجہ زاہد اختر خانزادہ، نمائندہ جنگ، جیو نیوز) النور انٹرنیشنل کی جانب سے ڈیلس کے قریب واقع لوزول جھیل پر پانی کے جہاز میں ایک خوبصورت اردو ہندی مشاعرہ کا اہتمام کیاگیا جس میں یہاں کی پاکستانی اور انڈین کمیونٹی کے افراد نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بھرپور طریقہ سے شرکت کی مشاعرہ سے قبل عام افراد کی دلچسپی کے لئے عشائیہ کے دوران میوزیکل پروگرام بھی پیش کیاگیا جس میں مقامی گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ حاضرین اس دوران جھیل کے پرکشش نظاروں سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے اس موقع پر شام مشاعرہ سجائی گئی۔ مشاعرہ کی صدارت ڈیلس کے معروج تاجر ایس کے متل نے کی جبکہ مہمان خصوصی انڈیا ایسوسی ایشن آف نارتھ ٹیکساس کے سابق صدر اور معروف کمیونٹی رہنما اکرم سعید تھے۔ مشاعرہ میں ہیوسٹن سے آئے مہمان شعراء خالد خواجہ، علی گڑھ انڈیا کے شاعر نوشہ اسرار اور شکاگو سے اقرا انٹرنیشنل کے بانی و معروف ادبی شخصیت شاعر ڈاکٹر عبیداللہ غازی سمیت ڈیلس کے مقامی شعراء النور انٹرنیشنل کے بانی نور امروہوی، اردو گھر ڈیلس کے بانی ڈاکٹر عامر سلیمان، شاعر مسعود قاضی امرسنگھ ڈھلو نے اپنے کلاس سناکر حاضرین سے ڈھیروں داد وصول کی اس موقع پر صدارتی تقریر میں تاجر ایس کے متل اور اکرم سعید نے خطاب کرتے ہوئے النور انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ اس طرح کے مشاعرے دونوں ممالک کے لوگوں میں محبت اور ان کے جوڑنے کا سبب بنتے ہیں اس موقع پرمحترمہ جوتی کمار، آر جے، مس سلوچنا، نور امروہوی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا حاضرین کا کہنا تھا کہ دو ثقافتوں کو آپس میں جوڑنے کا یہ اچھا عمل تھا جبکہ اس مشاعرہ کے ذریعہ دلفریب مناظر ان کے لئے ہمیشہ یادگار رہیں گے جس سے ہر عمر کے افراد نے بھرپور لطف حاصل کیا۔ مشاعرہ تقریباً دو گھنٹے جاری رہا۔ اس طرح تقریباً 3 گھنٹوں پر مشتمل جہاز کے سفر میں حاضرین مسلسل محظوظ ہوتے رہے واضح رہے کہ النور انٹرنیشنل کے زیراہتمام یہ تیسرا کروز مشاعرہ تھا اور ہر سال اب کمیونٹی کے افراد اس مشاعرہ کا بڑی بے چینی سے انتظار کرتے ہیں۔

مزید خبریں :