شہبازشریف کے داماد علی عمران نے ڈیلی میل اور ڈیوڈ روز کیخلاف مقدمہ کردیا

سابق وزیراعلیٰ پنجاب و قائد حزب اختلاف شہبازشریف کے داماد علی عمران نے برطانوی اخبار ڈیلی میل اورصحافی ڈیوڈ روز کے خلاف لندن میں مقدمہ کردیا۔

علی عمران نے مقدمے میں ڈیلی میل کی جانب سے عائد کرپشن کے تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت نے انتقام کی خاطر ڈیلی میل کو استعمال کیا اورڈیلی میل نے جان بوجھ کر بغیر تحقیق کرپشن کے الزامات لگائے۔

علی عمران کا کہنا ہے کہ ڈیلی میل میں چھپنے والے الزامات کا مقصد سیاسی انتقام تھا، حبس بےجا میں رکھے گئے افراد پر تشدد کرکے میرےخلاف بیانات لیے گئے جب کہ  ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ (ڈی ایف آئی ڈی) کی فنڈنگ سے کبھی میرا کوئی تعلق نہیں رہا۔

علی عمران نے اخبار پر 5 لاکھ پاؤنڈ ہرجانے اور معافی مانگنے کا دعوٰی کیا ہے۔

خیال رہے کہ 14 جولائی 2019 کو برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پاؤنڈ پنجاب کو دیے۔

اس سے قبل رواں برس 12 مئی کو شہباز شریف نے بھی برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف مقدمہ کیا تھا اور ان الزامات کو رد کیا تھا۔

مزید خبریں :