09 فروری ، 2012
اسلام آباد … الیکشن کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد خالی ہونے والی 28 نشستوں پر ضمنی انتخابات کرانا آئینی تقاضا تھا اس میں کوئی بدیانتی شامل نہیں، اسے قانونی تناظر میں ہی دیکھا جائے۔اسلام آباد میں الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت خالی ہونے والی نشستوں پر 60 دن میں ضمنی انتخاب کرانا لازم ہے۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد خالی ہونی والی نشستوں پر ضمنی انتخاب نہ کرانا بھی غیر آئینی ہوتا اور اس صورتحال کو 16 جولائی 2010ء کو جاری پریس ریلیز میں بھی واضح کردیا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات کا مقصد کسی کو فائدہ پہنچانا نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد جمہوری نظام کو مکمل رکھنا تھا، ان انتخابات میں 6 جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی، سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کمیشن نے ان ضمنی انتخابات کا جائزہ لے کر انہیں درست قرار دیا تاہم عدالت عظمیٰ نے اسے تسلیم نہیں کیا۔