Time 19 اگست ، 2020
پاکستان

موجودہ حالات میں بھارت کے ساتھ کرکٹ کھیلنا خوفناک بات ہوگی، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پاکستان اور بھارت کے کشیدہ تعلقات کے باعث فی الحال دو طرفہ کرکٹ سیریز کھیلنا مناسب نہیں ہوگا۔

غیر ملکی ٹی وی کی دستاویزی فلم میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا  کہ بھارت میں جس طرح کی حکومت ہے اور جیسے کشیدہ حالات ہیں، ان میں کرکٹ کھیلنا ایک خوفناک بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ  میں نے 1979 اور 1987 میں ہندوستان میں سیریز کھیلی تھی، اس وقت دونوں ممالک کے مابین کرکٹ کے لیے ماحول بہت اچھا تھا اور اُس وقت حکومتیں بھی رکاوٹیں دور کرنے اور قریب آنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ جب ہندوستان نے 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تو پاکستان کی ٹیم ہار گئی تھی مگر شائقین نے مہمان ٹیم کو بھرپور سپورٹ کیا۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اور بھارت کی سیریز ایشز سے بھی بڑا کرکٹ مقابلہ ہوتا ہے، ایشز سیریز کی اپنی اہمیت ہے لیکن پاکستان اور بھارت کی دوطرفہ سیریز کا کوئی مقابلہ نہیں کیونکہ یہ ایک مختلف کرکٹ ہوتی ہے جس میں ماحول جذبات، تناؤ، دباؤ اور لطف اندوزی کی کیفیت ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدامات کے بعد پاک بھارت تعلقات میں شدید تناؤ ہے اور دونوں ممالک کے سفارتی و تجارتی تعلقات بھی محدود ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری بار دو طرفہ سیریز 2012 میں ہوئی تھی جب بھارت نے پاکستان کے خلاف تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی سیریز کی میزبانی کی تھی۔

مزید خبریں :