کھیل

کرکٹ مداحوں کیلئے پاکستان اور بھارت کا آپس میں کھیلنا بہت ضروری ہے: وقار یونس

 پاکستان اور بھارت کے 95 فیصد عوام پاک بھارت سریز کے خواہشمند ہیں: بولنگ کوچ قومی کرکٹ ٹیم— فوٹو:فائل 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے کہا ہے کہ کرکٹ مداحوں کو اچھی کرکٹ سے محرومی سے بچانے کیلئے پاکستان اور بھارت کا آپس میں کرکٹ کھیلنا بہت ضروری ہے۔

فینز کے سوالات کے جواب میں وقار یونس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے 95 فیصد عوام پاک بھارت سریز کے خواہشمند ہیں، اس سیریز کو عمران، کپل سیریز کہیں یا آزادی سیریز لیکن دونوں کے درمیان مقابلہ زبردست ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اچھی اور مستقل بنیادوں پر کرکٹ کا انعقاد فینز کیلئے بھی ضروری ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آپس میں کرکٹ ضرور کھیلیں گی مگر یہ نہیں معلوم کہ ایسا کب ہوگا۔

وقار یونس نے مزید کہا کہ جب بھی دونوں کرکٹ کھیلیں، ضروری ہے کہ ہوم یا اووے وینیو پر کھیلیں یعنی پاکستان یا بھارت، نیوٹرل وینیو پر دونوں کے درمیان کرکٹ کا فائدہ نہیں، فینز بھی دونوں ٹیموں کو اپنے اپنے ہوم گراؤنڈز پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

2003 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والے وقار یونس نے شاہد آفریدی اور گوتم گمبھیر کو بھی مشورہ دیا کہ دونوں تحمل اور سمجھداری کا مظاہرہ کریں اور آپس کی نوک جھوک ختم کریں۔

وقار یونس نے دونوں کرکٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ملاقات کریں اور آپس میں بیٹھ کر بات کرکے معاملات حل کریں، یہ چیزیں سوشل میڈیا پر لوگ تو انجوائے کرتے ہیں لیکن اس کا اثر اچھا نہیں، اس لیے دونوں سمجھداری کا مظاہرہ کریں۔

ایک اور سوال پر سابق کپتان نے بھارتی اداکارہ کاجول کو اپنے پسندیدہ ادکاروں میں سے ایک قرار دیا۔

مزید خبریں :