زیرو ریٹڈ برآمدی صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کا اعلان

وفاقی حکومت نے 5 زیرو ریٹڈ برآمدی صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پانچ زیرو ریٹڈ برآمدی صنعتوں کے لیے جولائی اور اگست کے لیے بجلی کے نرخ ساڑھے7سینٹس اور اس کے بعد یہ نرخ 9سینٹس فی یونٹ ہوں گے۔

عبدالرزاق داؤد کے مطابق اس حوالے سے وزارت خزانہ، تجارت اور توانائی کے درمیان ہونے والے ایک اجلاس میں اتفاق کیا گیا۔

 مشیر تجارت نےکہاہےکہ یہ بہت اچھا ریٹ مل گیا اب برآمد کندگان کو برآمدات کے فروغ پر توجہ دینی چاہیے۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ( اپٹما) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد ستار نے جیو نیوزکوبتایا ہےکہ حکومتی فیصلے سے جولائی اور اگست میں فی یونٹ بجلی میں ساڑھے 8 روپے جب کہ اس کے بعد 6 روپے فی یونٹ تک کا فائدہ ہوگا۔

شاہد ستار کے مطابق پانچ برآمدی صنعتوں کو فی یونٹ بجلی 21روپے میں پڑتی ہے، ان پانچ برآمدی صنعتوں میں ٹیکسٹائل،لیدر،کارپٹ ،اسپورٹس اور سرجیکل کاسامان بنانے والی صنعتیں شامل ہیں۔