کھیل
Time 03 ستمبر ، 2020

’پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنی چاہیے تھی‘

فوٹو: فائل

قومی ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے بولنگ آل راؤنڈر کو پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی اشد ضرورت قرار دیا ہے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا بہتر کمبی نیشن بنانے کے لیے ٹیم میں بولنگ آل راونڈر ہونا چاہیے، عامر یامین، عماد بٹ اور فہیم اشرف بہتر ثابت ہو سکتے ہیں، ان پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

کامران اکمل نے کہا کہ اگر آپ ایشیا میں کھیل رہے ہیں تو پھر اسپن بولنگ آل راونڈر مناسب رہے گا اور اس کے لیے محمد نواز سے بہتر چوائس نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ کے لیے وکٹ کیپر کو کھلانا چاہیے، چاہے سرفراز احمد کو کھلا ئیں یا محمد رضوان کو، وکٹ کیپر کو اوپنر کھلانے سے بھی کمبی نیشن پرفیکٹ بن جائے گا۔

وکٹ کیپر بلے باز کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کپتانی اچھی کی، دوسرے میچ کے مقا بلے میں انہوں نے تیسرے میچ میں اچھے فیصلے کیے اور خود فرنٹ پر رہے۔

‏کامران اکمل سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز انگلینڈ سے جیت کر آنی چاہیے تھی، ٹیسٹ میں انگلینڈ ٹیم کا کمبی نیشن اچھا نہیں تھا اور ہمارے بولنگ اٹیک کی تعریفیں بھی بہت کی جا رہی تھیں لیکن پہلا ٹیسٹ میچ نہ جیت سکے۔

انہوں نے کہا کہ سوچنا چاہیے کہ ہمارا بولنگ اٹیک توقع کے مطابق کیوں نہیں کھیلا، اسی طرح ٹی ٹوئنٹی سیریز دو صفر سے جیتنی چاہیے تھی۔

کامران اکمل نے کہا کہ حیدر علی نے ڈیبیو پر ففٹی بنا کر ناقابل یقین کارکردگی دکھائی، وہ باصلاحیت کرکٹر ہیں، وہاب ریاض نے شاندار کم بیک کیا، اسی چیز کی ضرورت تھی، انہیں اس سے پہلے بھی میچ میں ہونا چاہیے تھا، بہت فرق پڑنا تھا اور جو ہدف انگلینڈ نے با آسانی حاصل کیا وہ نہ کرتے۔

انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ نے بھی انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔

مزید خبریں :