Can't connect right now! retry

کھیل
26 ستمبر ، 2020

کوہلی کی خراب پرفارمنس میں بیوی کو گھسیٹنے پر انوشکا سنیل گواسکر پر بھڑک گئیں

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے تیرہویں ایڈیشن میں بنگلورو اور پنجاب کے میچ کے دوران  بنگلورو کے کپتان ویرات کوہلی کی کارکردگی سے متعلق سنیل گواسکر کی کمنٹری پر اہلیہ انوشکا شرما نے ناراضی کا اظہار کیا۔

جمعرات کے روز بنگلورو اور پنجاب کے میچ کے دوران ویرات کوہلی کی پرفارمنس اچھی نہیں دکھائی دی جس پر کمنٹری پینل کے رکن سنیل گواسکر نے اپنے تبصرے میں انوشکا شرما کو بھی شامل کیا۔ 

 سنیل گواسکر نے کمنٹری کے دوران ویرات کوہلی کی پرفارمنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’انہوں (ویرات کوہلی) نے لاک ڈاؤن کے دوران صرف انوشکا کی گیندوں پر پریکٹس کی ہے‘،

سنیل گواسکر نے تبصرہ کرتے ہوئے یقیناً اس ہی ویڈیو کو دماغ میں رکھا ہوگا جو کہ لاک ڈاؤن کے دوران ویرات کوہلی کے پڑوسی کے جانب سے جاری کی گئی تھی جس میں وہ انوشکا شرما کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے تھے۔

اس تبصرے کے بعد ویرات کی اہلیہ انوشکا شرما نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری شئیر کی۔

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام

انوشکا شرما نے سنیل گواسکر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’مسٹر گواسکر ، آپ کا پیغام کافی پریشان کن ہے، میں آپ کو یہ سمجھانا پسند کروں گی کہ آپ نے ایک بیوی پر اس کے شوہر کی کارکردگی کے حوالے سے الزام لگانے کے بارے میں کیوں سوچا ؟‘۔

انوشکا نے مزید لکھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ گزشتہ کچھ سال میں آپ نے کھیل پر تبصرہ کرتے ہوئےکرکٹر کی ذاتی زندگی کا احترام کیا ہے، کیا آپ کو نہیں لگتا ہے کہ آپ کو میرے اور ہمارے لیے بھی برابر احترام کرنا چاہیے‘۔

سنیل گواسکر کے تبصرے پر انوشکا شرما نے لکھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ کل رات میرے شوہر کی کارکردگی پر تبصرہ کرنے کے لیے آپ کے ذہن میں کئی دیگر الفاظ اور جملے ہوسکتے تھے یا پھر آپ کو یہ صحیح لگتا ہے کہ ان سب میں آپ میرے نام کا استعمال کریں‘۔

اداکارہ نے لکھا کہ ’یہ 2020 ہے اور چیزیں میرے لیے ابھی بھی تبدیل نہیں ہورہیں، کب مجھے کرکٹ میں گھسیٹنا اور مجھ پر اس طرح کا تبصرہ کرنا بند کیا جائے گا؟‘ـ

انوشکا نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ ’معزز مسٹر گواسکر آپ ایک لیجنڈ ہیں، میں بس آپ کو اتنا بتانا چاہتی تھی کہ آپ کو سننے کے بعد مجھے کیسا لگا‘۔

Notification Management


پاکستان
دنیا
کاروبار
کھیل
انٹرٹینمنٹ
صحت و سائنس
دلچسپ و عجیب

ڈیسک ٹاپ نوٹیفکیشن کے لیے سبسکرائب کریں
Powered by IMM