11 اکتوبر ، 2020
محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر ایک ماہ کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
حکومت سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیاتھا کہ ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے 10 اکتوبر کو لکھے گئے خط میں اس خدشے کا اظہار کیا گیا کہ شرپسند عناصر کی جانب سے شہر کا امن خراب کرنے کی اطلاعات ہیں اور حال ہی میں کراچی میں ہینڈ گرینیڈ پھینکنے۔
خط میں کہا گیا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور مذہبی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، لہذا درخواست ہے کہ ایک ماہ کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جائے۔
تاہم پابندی کے عائد کیے جانے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے سندھ حکومت کے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے فیصلے کی مذمت کی تھی۔