13 اکتوبر ، 2020
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان نے سربراہانِ مملکت کے اخراجات کے تعین کے لیے بل لانے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قانون سازی سے صدر اور وزیراعظم کے اخراجات متعین کیے جائیں۔ وزیراعظم نے قانون سازی کیلئے مشیرِ پارلیمانی امور بابر اعوان کو ذمہ داری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صدر اور وزیر اعظم کے اخراجات واجبی سے ہونے چاہئیں، سابق سربراہان میں سے ایک نے صرف گھر کی چار دیواری پر 80 کروڑ لگایا، قوم کی آمدن کے مد نظر سربراہان کے اخراجات کا تعین ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے سابق سربراہان کے اخراجات کی مد میں قومی خزانے سے خرچ ہونے والے پیسوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔