Time 31 اکتوبر ، 2020
پاکستان

’کے فور‘ پروجیکٹ کی تمام رکاوٹیں دور کرکے دوبارہ کام شروع کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کراچی ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں شہر کو پانی کی فراہمی کے سب سے بڑے منصوبے ’کے فور‘ پروجیکٹ کی تمام رکاوٹیں دور کرکے دوبارہ کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں وال مین سسٹم بہتر کرنے، غیر قانونی کنکشن ختم اور ہائیڈرنٹس بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ کہتے ہیں کہ منصوبے میں وفاقی حکومت مکمل مدد کرے گی، ’کے 4‘ کا شہر میں ڈسٹری بیوشن سسٹم سندھ حکومت بنائےگی، نالوں سے تجاوزات ہٹانے کیلئے کنسلٹنٹس سے ڈیزائنگ کروائی جائے گی۔

اجلاس میں ناصر شاہ، سعید غنی، چیف سیکرٹری وفاقی وزراء اسد عمر اور امین الحق، کور کمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز، جی سی او کمانڈر ایف ڈبلیو او اوردیگرشریک ہوئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ ایس تھری پروجیکٹ کو ریوائز کرے گا۔ کے ایم سی ایڈمنسٹریٹر کو ہدایت کی گئی کہ گھوسٹ ملازمین سے نجات حاصل کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ جو کمپنیاں بہتر صفائی نہیں کر رہیں اُن کا کنٹریکٹ منسوخ کیاجائے۔

اجلاس میں کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کا بھی جائزہ لیاگیا، سرکلر ریلوے کے متعلق اگلے اجلاس میں سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

مزید خبریں :