دنیا
Time 05 نومبر ، 2020

کون کون سے امریکی صدور دوسری مدت میں الیکشن ہارے؟

امریکی صدرو کی فائل فوٹو

امریکا میں 46 ویں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی کا عمل آخری مراحل میں ہے، ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے صدارتی حریف جو بائیڈن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کا اگلا مکین کون ہو گا اس کا فیصلہ تو جلد ہو جائے گا لیکن امریکی آئین کے مطابق کوئی بھی امیدوار زیادہ سے زیادہ دو مرتبہ صدر منتخب ہو سکتا ہے یعنی تیسری مدت کے لیے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا۔

ڈونلڈ ٹرمپ دوسری مدت کے لیے صدارتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں لیکن اگر ٹرمپ الیکشن ہار جاتے ہیں تو وہ جارج بش سینئر کے بعد پہلے اور مجموعی طور پر امریکا کے چھٹے صدر ہوں گے جو دوسری مدت میں شکست سے دوچار ہوں گے۔

3 نومبر 2020 کو ہونے والے انتخابات سے قبل 5 امریکی صدور دوسری مدت میں شکست سے دوچار ہو چکے ہیں۔

 آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں کہ وہ کون کون سے امریکی صدر تھے جو دوسری مدت کے لیے الیکشن نہ جیت سکے۔

1۔ولیم ٹافٹ

فوٹو: فائل

ولیم ٹافٹ پہلے امریکی صدر تھے جو 1912 کے صدارتی انتخابات میں دوسری مدت میں شکست سے دوچار ہوئے۔

2۔ہربرٹ ہوور

فوٹو: فائل

دوسری مدت میں انتخابات ہارنے والے دوسرے امریکی صدر ہربرٹ ہوور تھے جو 1929 سے 1933 تک امریکا کے صدر رہے لیکن جب انہوں نے عہدہ سنبھالا تو دنیا گریٹ ڈپریشن (عالمی معاشی بحران) کا شکار تھی اور معاشی مسائل ہی دوسری مدت کے لیے ان کی ناکامی کی بڑی وجہ بنے۔

3۔گیرالڈ فورڈ

فوٹو: فائل

امریکا کے 38 ویں صدر گیرالڈ فورڈ تھے، فورڈ امریکا کے واحد صدر ہیں جو کبھی بھی عوامی ووٹ کے ذریعے نائب صدر یا صدر منتخب نہیں ہوئے۔

گیرالڈ فورڈ رچرڈ نکسن کے دور صدارت میں نائب صدر اسپرو اگنیو کے مستعفی ہونے کے بعد 25 ویں ترمیم کے ذریعے امریکا کے نائب صدر بنے۔

امریکی صدر رچرڈ نکسن نے گیرالڈ فورڈ کو اپنا نائب منتخب کیا جب کہ کانگریس نے اس کی منظوری دی۔

واٹر گیٹ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد صدر رچرڈ نکسن نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور اس طرح گیرالڈ فورڈ امریکی صدر بن گئے۔

رچرڈ نکسن کو تمام الزامات سے بری کرنے اور معاشی صورت حال پر قابو نہ پانے کی وجہ سے گیرالڈ فورڈ دوسری مدت کے لیے ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل نہ کر سکے۔

4۔جمی کارٹر

فوٹو: فائل

گیرالڈ فورڈ کو شکست دیکر 1976 میں صدر بننے والے جمی کارٹر بھی دوسری مرتبہ الیکشن نہ جیت سکے۔

جمی کارٹر کے دور میں بھی امریکی معیشت بہتر نہ ہو سکی اور امریکا ایران میں یرغمال بنائے گئے اپنے شہریوں کو رہا نہ کروا سکا جو جمی کارٹر کی شکست کی بڑی وجہ بنے۔

5۔جارج بش سینئر

فوٹو: فائل

امریکا کے 41 ویں صدر جارچ بش سینئر کو ان کے بیٹے جارج ڈبلیو بش کی وجہ سے بش سینئر بھی کہا جاتا ہے۔

بش سینئر 1988 میں امریکا کے صدر بنے اور انہوں نے 1989 سے 1993 تک امریکا کی صدارت کی۔

جارج بش سینئر کے دور صدارت میں امریکا نے پہلی گلف وار میں حصہ لیا اور کویت کو عراق کے قبضے سے آزاد کروایا۔

جنگ خلیج میں بڑی کامیابی کے باوجود بش سینئر امریکی معیشت کو بہتر نہ کر سکے اور 1992 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں بل کلنٹن کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہو گئے۔

جارج بش سینئر اب تک امریکی تاریخ میں آخری صدر ہیں جو دوسری مدت کے لیے منتخب نہ ہو سکے اور صدارتی انتخابات کے مکمل نتائج سامنے آنے کے بعد ہی اس بات کا فیصلہ ہو گا کہ آیا ٹرمپ بھی اس فہرست میں شامل ہوتے ہیں یا نہیں۔

مزید خبریں :