13 ستمبر ، 2012
کراچی اداکار لہری پاکستان فلم انڈسٹری کا چمکتا ہوا ستارہ تھے، اداکار لہری کے انتقال پر ملک کے معروف کامیڈینز نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکار لہری پاک فلم انڈسٹری کا وہ قیمتی سرمایہ تھے جن پر پاکستان فلم انڈسٹری کے تمام مزاحیہ فن کار ہمیشہ فخر کرتے رہیں گے۔ انہوں نے طنز و مزاح کو ایک شائستہ اور برجستہ انداز دیا اور یہ سکھایا کہ طنز و مزاح حرکات و سکنات کے علاوہ بھی برجستہ جملوں اور ان کی ادائیگی سے بھی پیدا کیا جاسکتا ہے۔ اداکار شکیل صدیقی نے کہا کہ اداکار لہری ہمارے طنز و مزاح کے شعبے کے وہ درخشاں ستارے تھے کہ جس کی روشنی میں مجھ سمیت دیگر فنکاروں نے اپنا فنی سفر شروع کیا، وہ ہمارے لیے درخشاں مثال تھے۔ اداکار سکندر صنم جو ان دنوں سرطان کے مرض کے علاج کیلئے مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں انہونے نے روتے ہوئے کہا کہ اس دنیا سے ہر ایک کو ایک نہ ایک دن جانا ہے لیکن وہ لوگ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی میں ا پنے اپنے شعبے میں ناصرف اپنی شناخت بنائی بلکہ دوسروں کو مستفید بھی کرایا، اداکار لہری ان ہی لوگوں میں سے ایک تھے، خدا ان کی لحد پر گل فشانی کرے۔ اداکار روٴف لالہ نے کہا کہ میں نے ہمیشہ لہری کے طرز اسلوب کو اپنانے کی کوشش کی اور ان کی اداکاری کو بڑے قریب سے دیکھتا تھا اور اس سے سیکھنے کی ہمیشہ کوشش کی، لہری جیسے اداکار برسوں میں پیدا ہوا کرتے ہیں، ہم آج ایک بہت بڑے مزاحیہ اداکار سے محروم ہوگئے۔ اداکار کاشف خان نے کہا کہ میں تو ان ہی کے حوالے سے پہچانا جاتا ہوں، میں نے کامیڈی کا انداز لہری سے سیکھا اور ان ہی کی طرز پر میں ملک اور بیرون ملک پرفار م کرتاہوں، لہری پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجینڈ کامیڈین تھے، خدا ان پر رحمتیں نچھاور کرے۔ اداکار سلیم آفریدی، شکیل شاہ، ذاکر مستانہ، ولی شیخ، سلیم شیخ، عامر ریمبو نے بھی اداکار لہری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے دعائے مغفرت کی۔