17 نومبر ، 2020
پاکستان پیپلزپارٹی نے دعوٰی کیا ہےکہ گلگت بلتستان کے حلقہ جی بی اے 2 گلگت (2) میں دوبارہ گنتی پر اس کے امیدوار کو برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق جمیل احمدکو دوبارہ گنتی پر 142ووٹوں کی برتری مل گئی ہے،جب کہ اس سے قبل آنے والےغیر سرکاری نتائج کے مطابق انہیں تحریک انصاف کے امیدوار فتح اللہ نے 2 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔
غیر حتمی نیا نتیجہ سامنے آنے کے بعد مبینہ دھاندلی کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے والے پیپلزپارٹی کے کارکن جشن منانے لگے۔
خیال رہےکہ 15نومبر کو ہونے والے انتخابات میں جی بی اے 2 گلگت (2) کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطانق تحریک انصاف کے امیدوار فتح اللہ 6 ہزار 696 ووٹ لےکرکامیاب ہوئے تھے جب کہ پیپلزپارٹی کے جمیل احمدکو صرف 2 ووٹ کم یعنی 6 ہزار 694 ملے تھے۔
اسی حلقے سے مسلم لیگ ن کے امیدوار اور سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان 5 ہزار 723 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے جی بی اے 2 سمیت دیگر حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف شدیدسردی کے باوجود ڈپٹی کمشنر آفس کے باہردھرنا دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی24 میں سے23 نشستوں پر ہونےوالےانتخابات کے غیرسرکاری اورغیر حتمی نتائج کے مطابق9 نشستوں پر تحریک انصاف کامیاب رہی ہے جب کہ 7 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی (جی بی اے 2کے علاوہ) 3 اور مسلم لیگ ن 2 سیٹیں لینے میں کامیاب ہوئی ہے، جمعیت علمائے اسلام اور مجلس وحدت مسلمین کا ایک ایک امیدوار کامیاب ہوا ہے۔