Time 24 نومبر ، 2020
پاکستان

سائل جسٹس مظہر عالم کے گھر پہنچ گیا، جج ڈرائنگ روم میں دیکھ کر حیران

سپریم کورٹ میں کیس دائرکرنے والاسائل جسٹس مظہر عالم میاں خیل سے ملنے ان کے گھر پہنچ گیا جس پر عدالت نے شہری پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائدکردیا۔

سپریم کورٹ میں درخواست گزار کامران بنگش کی جانب سے  جج کےگھر جاکر ملنے کے کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔

جسٹس مظہر عالم میاں خیل نےاستفسارکیاکہ کامران بنگش کون ہے؟ ملزم روسٹرم پر آیا تو جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہاکہ آپ سمجھتےہیں عدالتیں انصاف نہیں کرتیں ؟اس  لیے آپ میرے گھر ملنے چلے آئے!

کامران بنگش نےکہا کہ میرٹ پر ہی فیصلہ کرنےکی استدعا کی تھی، جس پر جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے ریمارکس دیے کہ  آپ کو جیل بھیجیں گےتو میرٹ پر فیصلےکامعلوم ہوگا۔ 

 جسٹس مظہرعالم میاں خیل نے کہا وہ سمجھے کہ ان کا کزن کامران آیا ہے،ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر مجھے کامران بنگش نے کہا میرا کل آپ کے پاس کیس ہے، کوئی درخواست گزار ایسے جج کو ملنےکی جرأت کیسے کرسکتا ہے ؟

ملزم اور اس کے والد کی جانب سےمعافی کی استدعا پر عدالت نے کامران بنگش کو ایک لاکھ روپے جرمانہ اداکرنےکا حکم دیتے ہوئےکہاکہ  آج ہی ایدھی فاؤنڈیشن میں جرمانہ کی رقم جمع کرانا ہو گی یا جیل جاؤ گے۔

ملزم کی جانب سے جرمانے کے لیے مہلت طلب کرنے پر عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم نوجوان ہے اور اس کے مستقبل کو دیکھتے ہوئے توہین عدالت کی کارروائی نہیں کی جارہی، جس کے بعد ملزم کے والد نےایک لاکھ روپیہ جرمانے کی رقم عدالت میں جمع کرادی۔

 جسٹس عمرعطابندیال نے ریمارکس دیے کہ بعض صورتوں میں ملزم کو جیل بھیجنا قابل اصلاح نہیں ہوتا۔ 

مزید خبریں :