پاکستان

سندھ کی ثقافت کے دن پر رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد

سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے آج یوم ثقافت منایا گیا، اجرک اور سندھی ٹوپی پہن کر سندھی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا گیا۔

سندھ کلچرل ڈےکی مناسبت سے سندھ کی ہزاروں سال قدیم روایات کے امین سندھ واسی روایتی لباس زیب تن کرتے، اجرک اور ٹوپی سجائے سندھ کی رنگا رنگ دھرتی سے اظہار یکجہتی اور نوجوان نسل کو سندھ کی ثقافت سے روشناس کرانے کے لیے نکلتے ہیں۔

کراچی پریس کلب کے باہر یوم ثقافت کی ریلی — فوٹو: پی پی آئی 

سندھ کے یوم ثقافت کے موقع بھر صوبے بھر میں ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا، نوجوانوں کی جانب سے سندھی اجرک ٹوپی پہن کر علاقائی دھنوں پر رقص کیا گیا جبکہ ثقافتی رنگوں میں رنگ کر خواتین اور بچے بھی پر جوش نظر آئے۔

کراچی پریس کلب کے باہر یوم ثقافت کی ریلی میں فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے — فوٹو: پی پی آئی 

کراچی میں بھی پریس کلب کے باہر بڑی ریلی نکالی گئی جس میں شریک نوجوانوں، خواتین اور بچوں نے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنی۔

حیدرآباد میں یوم ثقافت کی ریلی میں فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے — فوٹو: آن لائن

اس کے علاوہ حیدر آباد اور لاڑکانہ سمیت صوبے کے دیگر شہروں اور قصبوں میں بھی روایتی جوش و خروش سے منایا گیا اور ریلیوں میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

صوبے کے دیگر شہروں میں ریلیوں کے علاوہ خصوصی پروگرامز بھی منعقد کیے گئے۔

واضح رہے کہ اس دن کو منانے کا آغاز 2009 میں کیا گیا جس کے بعد سے ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو یہ دن سندھی ثقافت سے یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔

یہ دن گویا ایک ثقافتی جشن ہے جسے لڑکے، لڑکیاں، بچے اور بوڑھے بھرپور جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔

مزید خبریں :