Time 08 دسمبر ، 2020
کھیل

خواتین ٹینس کھلاڑی مردوں کے مساوی انعامی رقم ملنے پر خوش

— فوٹو جیو نیوز

پاکستان کی خواتین ٹینس کھلاڑیوں نے مردوں کے مساوی انعامی رقم ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مساوی انعامی رقم کی روایت قائم کرنا خوش آئند ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے ۔

لاہور جم خانہ کلب میں حسن طارق رحیم ٹینس چیمپئین شپ جاری ہے جس کی خاص بات سب سے زیادہ انعامی رقم اور ساتھ ساتھ مردوں و خواتین کے لیے یکسان انعامی رقم کا ہونا بھی ہے۔

ایونٹ میں فاتح کھلاڑی کو ڈیڑھ لاکھ جبکہ رنرز اپ کو 75 ہزار روپے ملیں گے ۔

‏ٹینس اسٹار عشنا سہیل کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ مردوں اور خواتین کھلاڑیوں کی انعامی رقم مساوی کی گئی ہے امید ہے کہ فیڈریشنز مستقبل کے ٹورنامنٹس میں مساوی انعامی رقم کی روایت قائم کرے گی ۔

عشنا سہیل نے کہا کہ تمام کھلاڑی کورونا وائرس ایس او پیز کا خیال رکھ رہے ہیں ۔

نور ملک کا کہنا ہے کہ مزید ایسے ٹورنامنٹس ہونے چاہئیں جن میں مساوی انعامی رقم ہو ، یکساں انعامی رقم ملنے سے کھلاڑی مزید متحرک ہوتی ہیں ۔

‏ عیشا جاوید کہتی ہیں کہ پہلے انعامی رقم میں بہت فرق تھا ، اب اس فرق کو کم کیا گیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے ، اس سے وومن کھلاڑیوں کی حوصلہ افذائی ہو گی ۔

مریم مرزا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ایس او پیز کا کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کے لیے خیال رکھا جا رہا ہے ،یہ ہم سب کے لیے بہت ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ مستقبل میں مساوی انعامی رقم والے ایونٹس ہی ہوں گے ، اس سے مقابلے کی فضا بڑھے گی اور مزید کھلاڑی سامنے آئیں گی۔

مزید خبریں :