Time 16 دسمبر ، 2020
کھیل

عماد وسیم اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی موجودگی پر بے حد خوش

فوٹو: جیونیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران کراؤڈ کی موجودگی سے بے حدخوش ہیں۔

‏پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ جمعہ کو ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

نیوزی لینڈ میں اسٹیڈیمز میں کراؤڈ کو آنے کی اجازت حاصل ہے جس پر آل راؤنڈر عماد وسیم کی جانب سے بے حد خوشی کا اظہار کیا گیا۔

‏ ایڈن پارک آکلینڈ میں ٹریننگ سیشن کے موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ایڈن پارک میں کراؤڈ ہو گا تو انجوائے کریں گے کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ میچ دیکھنے کے لیے کراؤڈ بہت ہو گا، ہمیں بھی یہاں سپورٹ ملے گی، کراؤڈ کی موجودگی میں کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیریز کے لیے بہت پرجوش ہیں کیونکہ ہم نے ایک ہفتہ سیریز کے لیے بڑی محنت کی ہے، آئسولیشن کے بعد کھلاڑیوں کے لیے فوری طور پر ٹریننگ میں حصہ لینا آسان نہیں تھا لیکن کھلاڑیوں نے خوب محنت کی ہے، تھوڑے بہت فٹنس مسائل تھے لیکن وہ اب ٹھیک ہو چکے ہیں  اور سب سیریز کے منتظر ہیں۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم انگوٹھے میں انجری کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔

عماد وسیم نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز میں سے کسی ایک شامل کیا جائے گا، نئے کھلاڑیوں کے لیے اچھا موقع ہے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔

مزید خبریں :