پاکستان
Time 16 دسمبر ، 2020

فواد چوہدری نے پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنا دی

فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے عوام کو پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنا دی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری دے دی ہے، الیکٹرک وہیکل پالیسی سے گاڑیوں کی اجارہ داری ختم ہو گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی جیسے شہروں کے ماحول کے لیے یہ الیکٹرک وہیکل پالیسی اہم ہے، کیونکہ بڑے شہروں میں 35 فیصد سے زیادہ فضائی آلودگی ٹریفک کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے خوشخبری سنائی کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی سے پاکستان میں بہت جلد گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی ہو گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موبائل فون بنانے والی 3 بڑی کمپنیاں بہت جلد پاکستان میں آپریشن شروع کریں گی، ای سی سی نے موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی کی بھی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے مزید کاہ کہ میڈ ان پاکستان کی مہم میں یہ بڑی کامیابیاں ہیں، بہت جلد ہم اپنی الیکڑک گاڑیاں اور موبائل فونز بنا رہے ہوں گے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ ہم اب اپنے وینٹیلیٹرز بنا رہے ہیں، جلد ایکسرے اور ڈائلیسز مشینیں بھی بنائیں گے۔

مزید خبریں :