Time 17 دسمبر ، 2020
کھیل

نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کیلیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا اعلان کپتان شاداب خان نے کیا جو کہ مکمل فٹ ہو گئے ہیں اور بابر اعظم کی غیر موجودگی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔

شاداب خان کی ٹانگ میں کھچاؤ کی شکایت تھی جو اب دور ہو گئی ہے اور انہوں نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچز سے قبل ایڈن پارک آکلینڈ میں دونوں ٹریننگ سیشنز میں بھرپور حصہ لیا۔

‏قومی اسکواڈ میں کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، حیدر علی، سرفراز احمد، محمد حفیظ، فہیم اشرف، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی، حسین طلعت، وہاب ریاض اور محمد رضوان شامل ہیں۔

‏پہلے ٹی ٹوئنٹی سے قبل پاکستان ٹیم نے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ تین گھنٹے کے ٹریننگ سیشن میں تمام کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

فزیکل اور فیلڈنگ ٹریننگ کے بعد نیٹ پر بولنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس کی۔ بابر اعظم اور امام الحق جو انجرڈ ہیں انہوں نے بھی اپنی فزیکل ٹریننگ جاری رکھی ہوئی ہے۔

مزید خبریں :