Time 17 دسمبر ، 2020
کھیل

پی ایس ایل کیلیے کراؤڈ بہت اہم ہے: سی ای او لاہور قلندرز

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے کراؤڈ کو اہم قرار دے دیا ہے۔

‏پاکستان سپر لیگ کی سب سے متحرک اور مقبول فرنچائز لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فینز کے بغیر لیگ پھیکی لگتی ہے، ٹورنامنٹ میں کراؤڈ کی شمولیت اہم ہے۔

عاطف رانا نے کہا کہ چار برس متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل کے دوران کراوڈ نہیں آیا، یہ پہلا موقع ہے کہ پی ایس ایل میں اس مرتبہ اسٹیڈیمز بھرے ہیں لیکن بدقسمتی سے کووڈ 19 آ گیا اور کراؤڈ کے بغیر میچز کرانا پڑے۔

انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ پی ایس ایل کے لیے کراؤڈ بڑا اہم ہے، کراؤڈ کے بغیر پی ایس ایل کی کوئی اہمیت نہیں ہے کیونکہ فینز کے بغیر لیگ پھیکی لگتی ہے لیکن دیکھنا پڑے گا کہ آنے والے دنوں میں صورتحال کیا ہوتی ہے۔

لاہور قلندرز کے سی ای او نے کہا کہ فرنچائزز نے ہمیشہ پی ایس ایل کے حوالے سے فیصلے بورڈ کے ساتھ مل کر کیے ہیں، چاہے پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد کا فیصلہ ہو یا موجودہ حالات میں پی ایس ایل کے باقی ماندہ میچز کرانے کا فیصلہ ہو۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا کووڈ 19 کی موجودہ لہر میں پی ایس ایل کو آگے شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو آپ متفق ہوں گے تو عاطف رانا نے کہا کہ ماضی میں فیصلے مل بیٹھ کر کیے گئے اور بورڈ نے جو فیصلہ کیا انڈر اسٹینڈنگ کے ساتھ کیا، اب بھی کووڈ 19 کی وجہ سے امید ہے کہ جو بھی فیصلہ ہو گا اسپانسرز،کراؤڈ، فرنچائزز اور بورڈ کے مفاد میں ہی ہو گا۔

‏عاطف رانا نے کہا کہ ابھی تو سب کووڈ 19 کی دوسری خطرناک لہر کے زور پکڑنے کو دیکھ رہے ہیں، جہاں تک پی ایس ایل کے فنانشل ماڈل کا تعلق ہے تو ہاں اس میں ابھی وقت لگ رہا ہے، اس کی پیچیدگیاں دور کرنا مشکل ہدف ہے کیونکہ اس میں بہت سے لوگ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فنانشل ماڈل کے حوالے سے ابھی دسمبر کے مہینے کی طرح ٹھنڈ ہے، مستقبل کے بارے میں تو کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا لیکن کوشش یہی ہے کہ پی ایس ایل ہو۔

عاطف رانا نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو کے باقی ماندہ میچز کے لیے سب نے کوشش کی لیکن وبا کے دوران احتیاط سے فیصلے کرنا ہوں گے۔

مزید خبریں :