24 دسمبر ، 2020
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ طور پر خود کشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا شاہ کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
ڈاکٹر ماہا شاہ کیس کے تفتیشی افسر نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے پاس ملزمان کے ڈین این اے کرانے کی درخواست دائر کردی ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق ڈاکٹر ماہاشاہ کے ڈی این اے میں زیادتی کے شواہد ملے ہیں، پولیس نے عدالت سے استدعا کی ہےکہ ملزمان ڈی این اے کرانے میں تعاون نہیں کر رہے ہیں، لہٰذا عدالت ملزمان کو پولیس کے ساتھ تعاون کرانےکےلیے پابند بنائے۔
عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کا ڈی این اےکرانےکا حکم دیتے ہوئے 5 جنوری تک پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال 18 اگست کو ڈاکٹر ماہا شاہ کی ڈیفنس کراچی میں واقع ان کے گھر سےگولی لگی لاش برآمد ہوئی تھی، ڈاکٹر ماہا شاہ کے والد کی مدعیت میں وقاص اورجنید سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔