30 دسمبر ، 2020
پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن کیوی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے ساتھی کھلاڑیوں اور ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور آخری دم تک لڑنے پر ہمیں ٹیم پاکستان پر فخر ہے۔
انہوں نے فواد عالم، محمد رضوان، مصباح الحق، یونس خان اور وقار یونس کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط کردار کا مظاہرہ کیا گیا، مضبوط رہیں اور سیریز میں واپس آئیں۔
محمد حفیظ نے فواد عالم کو بھی زبردست بیٹنگ پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی محنت، لگن اور ٹیم میں واپس اپنی جگہ بنانے نے بہت سوں کو غلط ثابت کیا، دوسری ٹیسٹ سنچری اسکور کرنے پر بہت مبارک ہو۔
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے بھی گرین کیپس کو زبردست مزاحمت کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم پاکستان نے کیا زبردست فائٹ کی، برا مت منائیں اور اگلے میچ میں اس سے بھی مضبوط ہو کر واپس آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میچ میں ہم نے فواد عالم، محمد رضوان اور فہیم اشرف کی بیٹنگ کی صورت میں کچھ اچھی پرفارمنسز بھی دیکھیں۔
کامران اکمل نے جیت پر نیوزی لینڈ کو مبارکباد دی اور قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کامران اکمل نے بھی فواد عالم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محنت ہمیشہ رنگ لاتی ہے، محمد رضوان کے ساتھ اچھی پارٹنر شپ جمائی۔